کراچی: کوکین ڈیلرانمول پنکی کے 2 اہم سہولت کاروں نے ضمانت کیلئے سیشن عدالت سے رجوع کرلیا تاہم عدالت نے درخواستِ ضمانت پر اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی بدنام زمانہ خاتون کوکین ڈیلر ‘انمول عرف پنکی’ کے خلاف منشیات اسمگلنگ کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی۔
جیل میں قید ملزمہ انمول پنکی کے نیٹ ورک کو مبینہ طور پر چلانے والے دو اہم مبینہ سہولت کاروں نے گرفتاری سے بچنے اور ضمانت کے لیے سیشن عدالت سے رجوع کر لیا ہے، جس پر عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
ملزمہ انمول عرف پنکی کے مبینہ کارندوں اور سہولت کاروں سہیل الرحمان اور ذیشان کی جانب سے سیشن عدالت جنوبی میں درخواستِ ضمانت دائر کی گئی تھی۔
کیس کی سماعت کے دوران وکیلِ صفائی نے موقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکلان بے قصور ہیں اور ملزمان کا انمول عرف پنکی کے اس غیر قانونی فعل یا منشیات کے کاروبار سے کوئی تعلق نہیں ہے، لہذا ان کی ضمانت منظور کی جائے۔
دوسری جانب سرکاری وکیل نے ضمانت کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا یہ ملزمان جیل میں بند پنکی کے نیٹ ورک کو باہر آپریٹ کرنے اور منشیات کی سپلائی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
عدالت نے دونوں جانب سے تفصیلی دلائل مکمل ہونے کے بعد ملزمان سہیل اور ذیشان کی درخواستِ ضمانت پر اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ محفوظ فیصلہ اسی ہفتے سنائے جانے کا قوی امکان ہے۔
واضح رہے کہ ان دونوں ملزمان کے خلاف کراچی کے تھانہ گارڈن میں منشیات فروشی اور سہولت کاری کا باقاعدہ مقدمہ درج ہے اور پولیس کو ان کی تفتیش کے لیے گرفتاری مطلوب ہے۔
