اسلام آباد(نیوز ڈیسک) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا۔
نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا، جس کے بعد صارفین کو ایندھن کی مد میں کچھ ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے 61 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی،اس نمایاں کمی کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 244 روپے 93 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی بڑی کمی کرتے ہوئے اسے 41 روپے 44 پیسے فی لیٹر سستا کر دیا گیا ہے، جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 272 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
توانائی شعبے کے ماہرین کے مطابق قیمتوں میں کمی سے خاص طور پر دیہی علاقوں کے صارفین کو فائدہ پہنچے گا، جہاں مٹی کا تیل گھریلو استعمال اور دیگر ضروریات کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، اسی طرح لائٹ ڈیزل کی قیمت میں کمی زرعی اور صنعتی شعبے کیلئے بھی مثبت اثرات مرتب کر سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے لائٹ ڈیزل پر عائد پٹرولیم لیوی کی شرح میں اضافہ کر دیا ہے، لیوی 10 روپے 93 پیسے فی لیٹر بڑھا کر 68 روپے 93 پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے، جبکہ مٹی کے تیل پر پٹرولیم لیوی کی شرح 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث مستقبل میں ایندھن کی قیمتوں میں مزید ردوبدل بھی دیکھنے میں آ سکتا ہے، تاہم فی الحال یہ کمی عوام کے لیے کسی حد تک ریلیف کا باعث بنے گی۔
