گلگت بلتستان اسمبلی کے 24 حلقوں میں انتخابی عمل جاری ہے، ووٹنگ کے بعد اب گنتی اور نتائج موصولی کا سلسلہ جاری ہے۔
ایکسپریس نیوز کو پہلا غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجہ موصول ہوگیا، جی بی 23 اے کے 48 میں سے 22 پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار انور علی 6596 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں جب کہ آزاد امیدوار عبدالحمید دوسرے اور عبدالرحیم تیسرے نمبر پر ہیں۔
جی بی اے 2 سے چند پولنگ اسٹیشن کے نتائج موصول ہوئے ہیں جس کے مطابق مسلم لیگ ن کے حافظ حفیظ الرحمن کو دیگر امیدواروں پر سبقت حاصل ہے، پیپلز پارٹی کے جمیل احمد دوسرے اور آئی پی پی کے امیدوار فتح اللہ خان تیسرے نمبر پر ہیں۔
الیکشن کمیشن گلگت بلتستان جانے والے راستے بند
الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کو جانے والے راستوں کو بند کردیا گیا، الیکشن کمیشن آفس کے سامنے خاردار تاریں اور ٹرک کھڑے کردئیے گئے، الیکشن کمیشن آفس تک صرف سرکاری گاڑیوں کو جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
قبل ازیں چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کرکے انتخابی عمل، سیکیورٹی انتظامات اور پولنگ کے ماحول کا جائزہ لیا۔
گلگت بلتستان اسمبلی کل 33 نشستوں پر مشتمل ہے۔ 24 براہ راست منتخب ارکان، 6 خواتین نشستیں، 3 نشستیں ٹیکنو کریٹس کیلیے مختص ہیں۔
حکومت سازی کے لیے کسی بھی جماعت یا اتحاد کو 17 نشستوں کی سادہ اکثریت درکار ہے۔ پیپلز پارٹی کے 23 امیدوار، ن لیگ کے 22، استحکامِ پاکستان پارٹی کے 15، پاکستان مسلم لیگ کے 11اور جے یو آئی ف کے 9 امیدوارمیدان میں ہیں۔
