دہلی (3 مارچ 2026): مودی سرکار کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ سامنے آنے لگا بھارتی نوجوان سڑکوں پر آنے کو تیار کاکروچ پارٹی نے احتجاج کی کال دے دی۔
نیپال اور بنگلہ دیش کے بعد بھارت میں بھی کاکروچ پارٹی کے نام سے جین زی انقلابی تحریک زور پکڑنے لگی ہے۔ نوجوانوں کی تحریک نے 6 جون کو بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں احتجاج کی کال دے دی ہے، جس سے مودی سرکار کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کاکروچ پارٹی کے بانی ابھیجیت دپکے نے ملک بھر میں امتحانی تنازع کے خلاف نئی دہلی سے پر امن احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 6 جون کو بھارت واپس آ کر دہلی کے جنتر منتر پر پرامن احتجاج کا آغاز کریں گے۔
ابھیجیت دپکے نے کہا کہ ملک میں مختلف امتحانی تنازعات کے باعث طلبہ کا مستقبل متاثر ہو رہا ہے، جس پر فوری طور پر ذمے داری طے کی جانی چاہیے۔ نیٹ یو جی پیپر لیک، سی بی ایس ای، سی یو ای ٹی اور ایس ایس سی جی ڈی سمیت مختلف امتحانی بے ضابطگیوں کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں۔
ان کا دعویٰ ہے کہ امتحانی نظام میں ہونے والی مبینہ بے ضابطگیوں سے ایک کروڑ سے زائد طلبا متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں طلبا، نوجوانوں اور اپنے حامیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 6 جون کو دہلی میں ان کے احتجاج میں شریک ہوں۔
