پہلے عالمی بلائنڈ ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ میں اتوار کو پاکستان اور بھارت کی خواتین ٹیمیں ایک بار پھر روایتی مقابلے کے لیے مدمقابل ہوں گی۔
پاکستان ویمن بلائنڈ ٹیم کی کپتان نرما رفیق نے کہا ہے کہ قومی ٹیم بھارت کے خلاف میچ میں بھرپور کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کے مطابق افتتاحی میچ میں میزبان سری لنکا کے خلاف 221 رنز کی شاندار کامیابی نے پوری ٹیم کے حوصلے بلند کیے ہیں اور کھلاڑیوں کے اعتماد میں واضح اضافہ ہوا ہے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ کولمبو میں کھیلے گئے اس افتتاحی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف بغیر کوئی وکٹ گنوائے 331 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا۔ آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والی 15 سالہ آل راؤنڈر مہرین علی نے صرف 78 گیندوں پر ناقابلِ شکست 230 رنز بنا کر ایک نیا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔
ایونٹ میں پاکستان اپنا تیسرا میچ 18 نومبر کو نیپال کے خلاف کھیلے گا، جبکہ اگلے روز آسٹریلیا سے مقابلہ ہوگا۔ اسی طرح 20 نومبر کو امریکا کے خلاف بھی ایک اہم میچ شیڈول ہے۔
