کراچی: پیٹرولیم ڈیلرز نے کمیشن میں اضافے کے مطالبے پر حکومت کو 48 گھنٹے کی مہلت دے دی۔ وزیر پیٹرولیم نے دو روز میں جواب نہ دیا تو ملک بھر میں پیٹرول پمپس کے مستقبل پر بڑا فیصلہ متوقع ہے۔
پیٹرولیم ڈیلرز کے چیف ایڈوائزر ملک خدا بخش کا کہنا ہے کہ موجودہ کمیشن پر پیٹرول پمپس چلانا ناممکن، ڈیلرز شدید مالی دباوٴ کا شکار ہیں اس حوالے سے پیٹرولیم ڈیلرز آج وزیر پیٹرولیم کو کمیشن سے متعلق حتمی خط ارسال کریں گے اگر حکومت نے فوری توجہ نہ دی تو ڈیلرز ایسوسی ایشن کی کمیٹی آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ماہِ مئی میں تقریبا 30 فیصد ڈیزل کی فروخت میں کمی ہو ئی ہے ملک بھر میں ڈیزل کی فروخت تقریباً ختم، اسمگل شدہ ایندھن مارکیٹ پر حاوی ہونے لگا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ میں اضافے پر پانچ ریفائنریز نے حکومت کو باضابطہ خدشات سے آگاہ کر دیا۔ ریفائنریز نے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ ڈیزل کی کم فروخت سے ذخیرہ گاہوں میں جگہ ختم ہو رہی ہے، مشرق وسطیٰ کشیدگی کے دوران حکومت نے ڈیلرز سے تعاون مانگا، اب ڈیلرز مالی مشکلات کا شکار ہیں۔
ڈیلرز کا کہنا ہے کہ جنگی صورتحال کے باعث کاروباری سرمایہ تیزی سے ختم ہو رہا ہے، وزیر پیٹرولیم کراچی آکر زمینی حقائق اور ڈیلرز کے نقصانات کا جائزہ لیں، دو دن میں جواب نہ ملا تو حتمی اعلان چیئرمین عبد السمیع خان کریں گے۔
پیٹرولیم ڈیلرز کا موٴقف ہے فوری ریلیف نہ ملا تو کاروبار جاری رکھنا ممکن نہیں رہے گا۔
