کراچی (03 جون 2026): سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں تیز آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے۔
مختلف شہروں میں حادثات کے باعث 3 افراد جاں بحق، 7 زخمی ہو گئے ہیں، کندھ کوٹ کے نواحی گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق، 3 زخمی، روجھان میں طوفانی آندھی سے سولر پلیٹیں اڑ گئیں، 2 افراد جاں بحق، 1 زخمی ہو گیا۔
صادق آباد میں طوفانی ہواؤں اور موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی ہے، درخت، سائن بورڈ، دیواریں اور بجلی کے پول گر گئے، جس سے 3 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔شہداد کوٹ اور گرد و نواح میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، قبو سعید خان میں انڈے کی سائز کے اولے گرے۔ میہڑ اور گرد و نواح میں آندھی کے ساتھ بارش ہوئی، نصیر آباد، ڈیرہ مراد جمالی اور گرد و نواح میں بارش اور ژالہ باری سے موسم خوش گوار ہو گیا، میرپور آزاد کشمیر، منگلا، اسلام گڑھ میں موسلادھار بارش نے موسم خوش گوار کر دیا، ایبٹ آباد، گلیات، نتھیا گلی، ایوبیہ، ٹھنڈیانی میں بھی جم کر بادل برسے۔
وزیر آباد شہر اور گرد و نواح میں گرد آلود آندھی کا طوفان اور بارش ہوئی، پشاور اور گرد و نواح میں شدید آندھی اور طوفان سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ترجمان سیپکو کے مطابق طوفانی موسم کے باعث مختلف مقامات پر ٹاورز، پولز اور ٹرانسمیشن لائنوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی جلد بحال کرنے کے لیے فیلڈ ٹیمیں مصروف ہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، راولپنڈی میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، آج بھی بارش کا امکان ہے، لاہور میں گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوئی، آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران بارش جاری رہنے کا امکان ہے، فیصل آباد میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔
کراچی میں گرمی کا سلسلہ برقرار ہے۔
