لاہور:  فیک ویڈیو وائرل کرنے کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ فلک جاوید کو لاہور ہائیکورٹ سے اہم ریلیف مل گیا، جہاں عدالت نے ان کی ضمانت منظور کر لی۔

پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ فلک جاوید

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چودھری نے کیس کی سماعت کے دوران فلک جاوید کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت جاری کی۔ سماعت کے دوران ملزمہ کے وکیل بیرسٹر میاں علی اشفاق نے عدالت کو بتایا کہ این سی سی آئی اے نے فلک جاوید سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا، جس میں الزام لگایا گیا کہ انہوں نے عظمیٰ بخاری کی جعلی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کی۔

وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ فلک جاوید کو 24 ستمبر 2025 سے حراست میں رکھا گیا ہے اور وہ اس عرصے سے مسلسل جیل میں ہیں، جبکہ تفتیش مکمل ہو چکی ہے اور مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں رہی۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمہ کو ضمانت پر رہا کیا جائے کیونکہ کیس میں شواہد ابھی تک عدالت میں ثابت نہیں ہوئے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد ضمانت منظور کرتے ہوئے قرار دیا کہ موجودہ مرحلے پر ملزمہ کو مزید حراست میں رکھنے کی ضرورت نہیں۔ تاہم عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ کیس کا حتمی فیصلہ ٹرائل کے دوران شواہد اور گواہوں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

Previous Post Next Post